محمد عمیر ڈپٹی بیوروچیف سے
مرکزی جامع مسجد بلال، محلہ ممتاز آباد، موڑ ایمن آباد قبرستان روڈ میں آج خطیبِ مسجد حضرت مولانا محمد صہیب مجاہد صاحب نے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں نجات اور کامیابی کا معیار خاندانی تعلق، رشتہ داری، پیر و مریدی یا کسی بزرگ سے نسبت نہیں، بلکہ ایمانِ صحیح اور اعمالِ صالحہ ہیں۔

انہوں نے قرآنِ مجید کی متعدد آیات کی روشنی میں بیان کیا کہ اگر ایمان اور نیک اعمال موجود نہ ہوں تو کسی نبی، ولی یا صالح شخص سے قرابت بھی انسان کو اللہ کے عذاب سے نہیں بچا سکتی۔ انہوں نے حضرت نوحؑ کے بیٹے، حضرت لوطؑ کی زوجہ، حضرت ابراہیمؑ کے والد اور رسول اللہ ﷺ کے قریبی رشتہ داروں کے واقعات پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہمیشہ ایمان اور عمل کی بنیاد پر ہوتا ہے، نہ کہ نسب اور تعلقات کی بنیاد پر۔

انہوں نے احادیثِ نبویہ سے بھی استدلال کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی صاحبزادی حضرت فاطمہؓ تک کو یہ تنبیہ فرمائی کہ اللہ کے عذاب سے بچنے کے لیے خود نیک اعمال اختیار کرنا ضروری ہیں، کیونکہ محض نسب نجات کی ضمانت نہیں۔
مولانا محمد صہیب مجاہد صاحب نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ خالص توحید، سنتِ نبوی ﷺ کی اتباع، تقویٰ اور اعمالِ صالحہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اس غلط فہمی سے بچیں کہ صرف کسی خاندان، جماعت، شخصیت یا سلسلے سے وابستگی آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے
آخر میں امتِ مسلمہ کی اصلاح، ہدایت، اتحاد اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی












Leave a Reply