Sky Pakistan

Pakistan Largest Digital Media Network

ملتان میں “ستھرا پنجاب” منصوبہ، ٹھیکیدار مستفید، مزدور پریشان؟

ملتان میں "ستھرا پنجاب" منصوبہ، ٹھیکیدار مستفید، مزدور پریشان؟

ملتان میں “ستھرا پنجاب” منصوبہ، ٹھیکیدار مستفید، مزدور پریشان؟
تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تنخواہیں نہ ملنے کے الزامات، شکایت کرنے والوں کو ملازمت سے فارغ کرنے کی شکایات

ملتان (کرائم رپورٹر ایم علی)

حکومتِ پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ “ستھرا پنجاب” شہری صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا، تاہم ملتان میں اس منصوبے کے تحت کام کرنے والے متعدد مزدوروں کی جانب سے سنگین شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

مزدوروں کا مؤقف ہے کہ انہیں تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گھروں کے اخراجات، بچوں کی تعلیم اور روزمرہ ضروریات پوری کرنا ان کے لیے مشکل ہو چکا ہے۔

متاثرہ ملازمین کا الزام ہے کہ جب وہ شکایات پورٹل یا متعلقہ حکام کو اپنی مشکلات سے آگاہ کرتے ہیں تو ان کی شکایت کا ازالہ کرنے کے بجائے انہیں ملازمت سے فارغ کرنے یا دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے دیگر ملازمین بھی آواز اٹھانے سے خوفزدہ ہیں۔

مزدوروں کے مطابق منصوبہ نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، جس سے ٹھیکیداروں کو مالی فائدہ پہنچ رہا ہے، جبکہ عملی طور پر صفائی کا کام انجام دینے والے کارکن بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے اور شکایت کرنے والے ملازمین کو تحفظ فراہم کرے۔

افسوسناک امر یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ملتان کی متعدد سیاسی اور سماجی تنظیمیں اس اہم مزدور مسئلے پر خاموش دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث متاثرہ ملازمین خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں۔

ہیومن رائٹس پروٹیکشن نیٹ ورک کے ڈسٹرکٹ ممبر ملتان ایم علی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں، شکایات کی شفاف انکوائری کرائیں، اور اگر کسی ملازم کو شکایت درج کرانے پر ملازمت سے نکالا گیا ہے تو اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزدوروں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومتِ پنجاب اپنے فلاحی وژن کے مطابق اس مسئلے کا فوری اور منصفانہ حل نکالے گی تاکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے والے کارکن خود معاشی مشکلات کا شکار نہ رہیں۔

ایم علیہیومن رائٹس پروٹیکشن نیٹ ورک، ڈسٹرکٹ ممبر ملتان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *