سیالکوٹ (قاری خواجہ صاحب) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی قیادت میں محکمہ جنگلات نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے تحصیل سیالکوٹ کے راضی کھدر محال جنگل کی 168 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔محکمہ جنگلات کے مطابق مذکورہ اراضی 1968ء سے الاٹیوں کے زیرِ قبضہ تھی، جبکہ 2005ء میں اس کا انتقال محکمہ جنگلات کے نام ہو گیا تھا۔ بعد ازاں طویل قانونی کارروائی کے بعد 2026ء میں لاہور ہائی کورٹ نے محکمہ جنگلات کے حق میں فیصلہ سنایا، جس پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے اراضی سرکاری تحویل میں لے لی گئی۔ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ سیالکوٹ ڈویژن حاجی ارشاد اللہ گوندل کی نگرانی اور اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ عاطف پریم کی سربراہی میں سیالکوٹ فارسٹ ڈویژن کے عملے نے تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے 168 ایکڑ اراضی کامیابی سے واگزار کروائی۔ کارروائی کے دوران اراضی کی نشاندہی کے لیے باؤنڈری پلرز بھی نصب کر دیے گئے۔محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ واگزار کروائی گئی اراضی پر جلد ہی شجرکاری کا آغاز کیا جائے گا تاکہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ، ماحولیاتی تحفظ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سرسبز و شاداب پنجاب کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔حکام کے مطابق سرکاری اراضی کا تحفظ اور جنگلات کے رقبے میں اضافہ محکمہ جنگلات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سیالکوٹ میں 168 ایکڑ اراضی کی واگزاری اس سلسلے کی ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔